منگلورو 20 / دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو سمارٹ سٹی کے تعمیراتی کام میں بد نظمی اور آدھے ادھورے کام کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس کی تازہ مثال جیوتی سرکل کے پاس پیش آنے والا واقعہ ہے جس میں ایک عمر رسیدہ خاتون سڑک کے کنارے کھودے گئے گڈھے میں گرنے سے زخمی ہوگئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ زیر زمین کیبل بچھانے کے مقصد سے جیوتی سرکل کے پاس یہ گڈھا تقریباً ایک مہینے قبل کھودا گیا تھا مگر آج بھی اسے یوں ہی کھولا چھوڑ دیا گیا ہے ۔ اس علاقے میں ویسے بھی موٹر گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو مشکل ہوتی ہے ۔ پھر اس طرح کے کھلے گڈھے لوگوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کا سبب بن جاتے ہیں ۔ جب ایک راہگیر جوڑے نے دیکھا کہ ایک عمر رسیدہ خاتون تقریباً 7 فٹ گہرے گڈھے میں گر گئی ہے تو انہوں نے آس پاس کے لوگوں کو چوکنا کیا ۔ جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگئے اور انہوں نے اس زخمی خاتون کو بڑی احتیاط سے گڈھے سے باہر نکالا ۔ حالانکہ وہ خاتون سر کے بل گڈھے میں گری تھیں مگر خوش قسمتی سے ان کے سر یا گردن میں گہری چوٹ نہیں آئی۔
اس واقعہ پر مقامی عوام نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ہو رہے تعمیراتی کام کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں گیس ، پانی وغیرہ کے کنکشن کے لئے سڑکیں کھودی گئی ہیں ، مگر اکثر جگہ پر گڈھوں کو پوری طرح بھرنے کا کام یا سڑکوں کی مرمت کا کام نہیں کیا گیا ہے ۔ اس کی وجہ سے ایک طرف موٹر گاڑیاں چلانا دشوار ہو رہا ہے تو دوسری طرف پیدل راہگیروں کے لئے بھی جان جوکھم میں ڈالنے کا معاملہ ہوگیا ہے۔